12 March 2026DailyNewsHeadlinePothwar.comRawat

Rawalpindi Finalizes New Local Government Structure as Preparations for Municipal Elections Intensify

راولپنڈی میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں عروج پر، ضلع کو نئے بلدیاتی ڈھانچے میں تقسیم کر دیا گیا

روات (پوٹھوار ڈاٹ کام — اکرام الحق قریشی، 12 مارچ 2026) — راولپنڈی میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں اور اس سلسلے میں ضلع کے بلدیاتی ڈھانچے میں بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے اسے نئے انتظامی یونٹس میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع راولپنڈی کو اب 17 بلدیاتی اداروں میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔ نئے بلدیاتی نظام کے تحت راولپنڈی شہر کو دو بڑے حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جہاں دو میئرز اور چار ڈپٹی میئرز ہوں گے۔

نئے انتظامی ڈھانچے کے تحت دو نئی تحصیل کونسلیں اور ایک نئی میونسپل کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے جس کے بعد ضلع میں بلدیاتی اداروں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ شہری یونین کونسلوں کی تعداد 82 سے بڑھا کر 125 کر دی گئی ہے تاکہ بڑھتی ہوئی آبادی اور شہری پھیلاؤ کے مطابق مقامی حکومت کا نظام مؤثر بنایا جا سکے۔

نئے نظام کے مطابق راولپنڈی شہر کو راول ٹاؤن کارپوریشن اور پوٹھوہار ٹاؤن کارپوریشن میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ تحصیل کونسل صدر راولپنڈی اور تحصیل کونسل کینٹ کے نام سے دو نئی تحصیلیں بھی قائم کی گئی ہیں۔

یونین کونسلوں کی تقسیم کے مطابق راول ٹاؤن کی یونین کونسلوں کی تعداد 46 سے کم ہو کر 41 رہ گئی ہے جبکہ پوٹھوہار ٹاؤن کی یونین کونسلیں 36 سے کم ہو کر 33 کر دی گئی ہیں۔

مزید برآں نئی قائم ہونے والی تحصیل صدر راولپنڈی میں 22 یونین کونسلیں جبکہ تحصیل کینٹ میں 29 یونین کونسلیں شامل ہوں گی۔

ایک اہم پیش رفت میں دولتالہ کو نئی میونسپل کمیٹی کا درجہ دے دیا گیا ہے جس سے اس علاقے میں بلدیاتی نظام کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

نئے بلدیاتی ڈھانچے کے تحت ضلع راولپنڈی میں 2 ٹاؤن کارپوریشنز، 5 میونسپل کمیٹیز، 6 تحصیل کونسلیں اور 4 کنٹونمنٹ بورڈز شامل ہوں گے۔

صوبہ پنجاب کی سطح پر مجموعی طور پر 439 بلدیاتی ادارے اور 6637 یونین کونسلیں قائم کی گئی ہیں۔ ان میں سے 297 شہری بلدیاتی ادارے ہیں جن کے تحت 2496 یونین کونسلیں کام کریں گی۔

اسی طرح پنجاب بھر میں 28 ٹاؤن کارپوریشنز اور ان کی 1010 یونین کونسلیں جبکہ 34 میونسپل کارپوریشنز اور ان کی 573 یونین کونسلیں قائم کی گئی ہیں۔

ایک اہم فیصلے کے تحت ضلع کونسل راولپنڈی سمیت پنجاب کی تمام 35 ضلع کونسلیں ختم کر دی گئی ہیں۔

ادھر سیاحتی مقام ملکہ کوہسار مری کو بھی راولپنڈی سے مکمل طور پر الگ کر کے ایک خود مختار بلدیاتی یونٹ قرار دے دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق نئے بلدیاتی ڈھانچے کا مقصد انتظامی نظام کو مؤثر بنانا، عوامی خدمات کی فراہمی بہتر کرنا اور آئندہ بلدیاتی انتخابات کو شفاف اور منظم انداز میں منعقد کرنا ہے۔

Show More

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button