11 March 2026DailyNewsGujarKhanHeadlinePothwar.com
Gujar Khan: Administration Begins Anti-Encroachment Drive for Two Underpasses on GT Road
گوجرخان; جی ٹی روڈ پر دو انڈر پاسز کی تعمیر کیلئے تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کرنے کی ہدایت

گوجرخان (پوٹھوار ڈاٹ کام /11/ مارچ/ 2026) — جی ٹی روڈ پر گلیانہ موڑ اور ٹیکنیکل کالج کے مقام پر دو انڈر پاسز کی تعمیر کے منصوبے کے لیے مقامی انتظامیہ نے تجاوزات کے خاتمے کا عمل شروع کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ اس اقدام کا مقصد اس اہم شاہراہ پر ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ کو کم کرنا اور آمدورفت کو مزید بہتر بنانا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ (پی اینڈ ڈی) بورڈ لاہور نے اس منصوبے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے جبکہ منصوبے کا تفصیلی لے آؤٹ پلان نیشنل انجینئرنگ سروسز پاکستان (نیسپاک) کی جانب سے تیار کیا جا چکا ہے۔
حکام کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) اور محکمہ مال نے مشترکہ طور پر جی ٹی روڈ کے رائٹ آف وے (Right of Way) کی حد بندی مکمل کر لی ہے۔ ڈیمارکیشن رپورٹ کے مطابق سڑک کے اس مخصوص حصے کے اندر متعدد تجاوزات موجود ہیں جن میں سرکاری عمارتیں، وکلا کے چیمبرز، کھوکھا بازار، دکانیں اور دیگر مستقل و عارضی تعمیرات شامل ہیں۔
مراسلے میں اسسٹنٹ کمشنر نے میونسپل کمیٹی گوجرخان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے دائرہ اختیار میں آنے والی تمام تجاوزات اور میونسپل ڈھانچوں کو فوری طور پر ہٹانے کے لیے اقدامات کرے۔ اس کے ساتھ ہی محکمہ مال کو زمین کی نشاندہی اور سرکاری ریکارڈ کی تصدیق میں مکمل معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کارروائی قانونی تقاضوں کے مطابق مکمل ہو سکے۔
انتظامیہ نے سٹی ٹریفک پولیس اور موٹروے پولیس کو بھی ہدایت جاری کی ہے کہ وہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کو یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔
اس کے علاوہ پیرا فورس کو بھی تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ اور نفاذ کے عمل میں کردار ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ آپریشن کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق تجاوزات کے خاتمے کے بعد انڈر پاس منصوبے پر عملی کام جلد شروع کیا جائے گا۔ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد گلیانہ موڑ اور ٹیکنیکل کالج کے علاقوں میں ٹریفک کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی اور جی ٹی روڈ پر سفر کرنے والے ہزاروں شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔




