DailyNewsGujarKhan

یونین کونسل موہڑہ نوری میں سوئی گیس کی فراہمی کے منصوبے کی باقاعدہ منظوری

دولتالہ (نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کام،پریس ریلیز) یونین کونسل موہڑہ نوری، صابہ شیر خان اور اس سے ملحقہ آبادیوں ڈھوک بلوچاں، ڈھوک سیداں، ڈھوک بھگو، ڈھوک اللہ دتہ، ڈھوک جٹاں اور ڈھوک میکن میں سوئی گیس کی فراہمی کے منصوبے کی باقاعدہ منظوری 14 اگست 2016 کو قائد مسلم لیگ (ن) گوجرخان، سابق رکن قومی اسمبلی، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اور سابق ضلع ناظم راولپنڈی راجہ محمد جاوید اخلاص کی خصوصی کاوشوں سے دی گئی تھی۔
پریس ریلیز کے مطابق منصوبے کے تحت ٹبی بنگلہ سے ملحقہ دیہی آبادیوں میں 2016 کے دوران باقاعدہ پائپ لائنیں بھی بچھا دی گئی تھیں، تاہم اس کے بعد ملک بھر میں گیس کی نئی فراہمی پر عائد پابندی کے باعث اس منصوبے پر عملی پیش رفت متاثر ہوئی۔ اب آٹھ سال بعد ملک بھر میں گیس فراہمی پر عائد پابندی کے خاتمے کے فیصلے کے بعد اس منصوبے کی تکمیل کی امید ایک بار پھر روشن ہو گئی ہے۔
پریس ریلیز میں مزید بتایا گیا کہ میانہ ستال اور کرسال میں بھی سوئی گیس فراہمی کی منظوری راجہ محمد جاوید اخلاص کے دور میں دی گئی تھی اور ان علاقوں میں پائپ لائن بچھانے کا عمل تیزی سے جاری ہے، جسے جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
بیان میں حالیہ متوقع افتتاحی تقاریب پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ بعض عناصر کی جانب سے اس منصوبے کو اپنے کھاتے میں ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ اس منصوبے کی منظوری، فنڈنگ اور عملی آغاز مسلم لیگ (ن) کے دور میں راجہ محمد جاوید اخلاص کی قیادت میں ہوا تھا۔ مزید کہا گیا کہ بعض علاقوں کو دانستہ طور پر نظرانداز کیے جانے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں، جس پر راجہ محمد جاوید اخلاص نے نوٹس لیتے ہوئے سوئی ناردرن گیس کے اعلیٰ حکام، بالخصوص منیجنگ ڈائریکٹر کے سامنے معاملہ اٹھایا ہے تاکہ تمام ملحقہ آبادیوں کو بلاامتیاز گیس کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
پریس ریلیز میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ یونین کونسل موہڑہ نوری، صابہ شیر خان اور ملحقہ تمام دیہات میں سوئی گیس کی مکمل اور منصفانہ فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانا مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح ہے۔

Show More

Related Articles

Back to top button