DailyNewsHeadlineOverseas newsPothwar.com
London: Blackburn’s First Mosque with an Islamic Museum “Al-Buraq” Opens to the Public
بلیک برن میں پہلی اسلامی میوزیم والی مسجد "البراق" عوام کے لیے کھول دی گئی

لندن (پوٹھوار ڈاٹ کام، 25 فروری 2025) – بلیک برن میں ایک منفرد مسجد اور کمیونٹی مرکز، جو کہ برطانیہ کے پہلے اسلامی میوزیم کا بھی گھر ہے، عوام کے لیے کھول دیا گیا۔
ہفتے کے روز لنکاشائر اور نارتھ ویسٹ سے سینکڑوں افراد نے نئی البراق مسجد کے افتتاحی تقریب میں شرکت کی، جہاں روایتی ربن کاٹنے کی تقریب منعقد کی گئی۔
یہ مسجد ڈیون پورٹ روڈ پر واقع ہے اور اس کی تعمیر مقامی کمیونٹی کی سات سالہ فنڈریزنگ مہم کی بدولت ممکن ہوئی، جس میں اسپانسرڈ واکس، ٹریکس، اور عطیات شامل تھے۔ یہ نئی عمارت ایڈیسن اسٹریٹ کے اسلامی تعلیمی مرکز کی جگہ لے گی اور اب مقامی عبادت گزاروں کے لیے مرکزی مقام بن گئی ہے۔
افتتاحی تقریب دو دنوں پر محیط تھی تاکہ خواتین کے لیے ایک خصوصی تقریب اتوار کے روز منعقد کی جا سکے۔
تقریب کے خصوصی مہمان شیخ لقمان افندی تھے، جو نیویارک سے تشریف لائے تھے۔
یہ مسجد نہ صرف ایک خوبصورت نماز ہال، جدید طرز کا جنازہ سیکشن، اور خواتین کے لیے مخصوص عبادتی زون رکھتی ہے بلکہ اس میں ایک اسلامی میوزیم بھی بنایا گیا ہے، جہاں نایاب اسلامی نوادرات نمائش کے لیے پیش کیے گئے ہیں۔
ان نادرمثال اشیاء میں سلطنت عثمانیہ کے دور کی مکہ مکرمہ کی خانہ کعبہ کی چابی (جو 100 سال سے زیادہ پرانی ہے) اور انیسویں صدی کی کسوہ (خانہ کعبہ کو ڈھانپنے والا غلاف) شامل ہیں۔ اس میوزیم میں 20 سے زائد تاریخی نوادرات موجود ہیں، جن میں سے بیشتر کو برطانیہ میں پہلی بار عوام کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔
یہ میوزیم اسکولوں، کمیونٹی گروپوں اور عوام کے لیے تعلیمی اور ثقافتی آگاہی کو فروغ دینے کے لیے بنایا گیا ہے۔
علاوہ ازیں، مسجد انتظامیہ نے ’بلیک برن کمیونٹی فریج‘ کے نام سے ایک نیا فوڈ بینک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جو مقامی کاروباری اداروں سے خوراک کے عطیات اکٹھا کرے گا۔ مستقبل میں دیگر فلاحی اداروں کے ساتھ مل کر ہر مذہب اور طبقے کے ضرورت مند افراد کی مدد کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔




