DailyNewsHeadlineKahutaPothwar.com
Kahuta: Prayer Ceremony Held at Government Graduate College Kahuta for the Tragic Murder of Hafiz Haseeb
گورنمنٹ گریجویٹ کالج کہوٹہ میں پروفیسر سرفراز حسین کے جواں سال بیٹے، حافظ حسیب کے اندوہناک قتل کے حوالے سے دعائیہ تقریب

مٹور (نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کوم کبیر احمد جنجوعہ،18دسمبر2024ٰٰ) —گورنمنٹ گریجویٹ کالج کہوٹہ میں پروفیسر سرفراز حسین کے جواں سال بیٹے، حافظ حسیب کے اندوہناک قتل کے حوالے سے دعائیہ تقریب ہوئی۔ اس موقع پر طلبہ و اساتذہ نے متفقہ قرارداد منظور کرتے ہوئے کہوٹہ پولیس سے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر حافظ عبدالصبور نے کہا کہ یہ المناک واقعہ ایک شریف النفس استاد اور اس کے خاندان کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ عوام کو سر عام لوٹنے والے ڈکیتوں کی دیدہ دلیری اور انتظامیہ کی خاموشی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر قاتلوں کو فوری گرفتار نہ کیا گیا تو یہ معاملہ پنجاب پروفیسر اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کی سطح پر اٹھایا جائے گا اور صوبہ بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔پرنسپل پروفیسر محمد شبیر راجہ نے کہا کہ حافظ حسیب کا قتل ایک دل دوز سانحہ ہے۔۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پولیس اس معاملے کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کو یقینی بنائے گی اور شہر میں خوف اور بے یقینی کی فضا کے خاتمے کے لیے موثر اقدامات کرے گی۔ تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر حافظ عابد محمود نے حافظ حسیب کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔




