اوسلو(عقیل قادر) السرور ٹرسٹ ناروے نے عیدکے سلسلے میں اوسلو شہر میں ایک خوبصورت عید ملن پارٹی کا انعقاد کیا جس اوسلو اورگردنواح سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ تقریب کی صدارت ممتاز نوجوان مذہبی سکالر ڈاکٹر عادل زاہدنے کی جبکہ مہمان خصوصی ڈاکٹر افتخار کیانی تھے۔ تقریب کا باقاعدہ آغازقاری خالد رضا قادری نے تلاوت قرآن پاک سے کیا جبکہ نعت رسول ﷺ اوسلو کے معروف نعت خواں عبدالمنان، غیاث کیانی اور یاسین سعید نے پیش کی۔معروف سماجی رہنما راشد علی اعوان نے تقریب کی نقابت کے فرائض خوبصورت انداز میں سر انجام دیئے۔ڈاکٹر افتخار کیانی ناروے کے معروف سماجی رہنما ہیں جنہوں نے پاکستان میں 800 کنال زمین اور النور ہسپتال جس کی مالیت دس کڑور ہے حکومت پاکستان کو گفٹ کیا اور ناروے میں دو اپارٹمنٹس کو بھی السرور ٹر سٹ میں دینے کی وصیت لکھ دی ہے۔ اوسلو کی معروف شخصیت چوہدری مظفر گوندل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر افتخار کیانی نے النور ہسپتال سمیت 800 کنال زمین حکومت پاکستان کے حوالے کر کے ایک تاریخی کارنامہ سرانجام دیا ہے جسکی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ ڈاکٹر افتخار کیانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے وقف کی ہوئی ہے اور وہ تاحیات یہ کام کرتے رہیں گے۔ ڈاکٹر عادل زاہد نے ڈاکٹر افتخار کیانی کے کام کی تعریف کی اور کہا کہ ہم سب کو بھی ہر نیک کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ مسلم سینٹر فیورست کے رہنما عبدالقیوم کیانی نے السرور ٹرسٹ کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا اور انکی ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ سیاسی رہنما عامر شیخ نے کہا نیکی کر کے بھول جائیں، اللہ رب العزت کی ذات آخرت میں اسکا بہتر اجر عطا کرے گی۔ راشد علی اعوان نے السرور ٹرسٹ کے زیر اہتمام جاری تمام پروجیکٹس کی تفصیلات بتائیں۔ اقبال راجہ، ارشد وحید چوہدری، عامر شیخ، راشد اعوان اور دیگر کو کمیونٹی کے لیے بہترین خدمات سرانجام پر شیلڈز سے نوازا گیا۔ تقریب کا اختتام دعا سے کیا گیا اور مہمانوں کی تواضع بہترین کھانوں سے کی گئی۔