Kallar Syedan; Kallar police embroiled in corruption
کلر سیداں پولیس کی قانون شکنیاں اپنے پورے عروج پر
کلر سیداں پولیس کی قانون شکنیاں اپنے پورے عروج پر ،زیر حراست ملزمان کو رشوت کے عوض چھوڑ دیا جاتا ہے۔آر پی او راولپنڈی کلر سیداں تھانے کی بے لگام پولیس کو لگام دیں ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب شہر میں تین نوجوان موٹر سائیکلوں پر ون ویلنگ کرتے رہے شہریوں نے پولیس کو اطلاع دی۔کلر سیداں پولیس کی موبائل نے درجنوں شہریوں کی موجودگی میں کاروائی کی اور تینوں ون ویلنگ کرنے والے نوجوانوں کو نہ صرف گرفتار کیا بلکہ انہیں شہر میں مرغا بھی بنایا جس کے بعد پولیس انہیں تھانے لے گئی اور پھر مک مکا کر کے انہیں چھوڑ دیا گیا اور موٹر سائیکلوں کو زیر دفعہ 550تحویل میں لے لیا گیا۔کلر سیداں کے شہریوں نے اس واقع میں پولیس کے شرمناک کردار پر شدید احتجاج کرتے ہوئے رشوت کے عوض ون ویلنگ کرنے والے ملزمان کو چھوڑنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف فوری مقدمہ قائم کر کے انہیں گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔یاد رہے کہ کلر سیداں پولیس ہمہ وقت لوٹ مار میں مصروف رہتی ہے ۔
دوبیرن کلاں میں گرانفروشوں کیخلاف کارروائی
اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں غلام مصطفی نے دوبیرن کلاں میں گرانفروشوں کیخلاف کارروائی کے دوران متعدد کریانہ سٹورز سمیت سبزی و فروٹ فروشوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 13 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا۔عوامی حلقوں نے اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کلر سیداں کے قصابوں کو بھی چیک کریں جنہوں نے ماہ صیام کے دوران لوٹ مچا رکھی ہے۔عوامی حلقوں نے مطابق قصاب مضر صحت گوشت فروخت کر کے بیماریاں بانٹ رہے ہیں جن کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی۔
علاقہ پیال میں بھائی کے قتل کا بدلہ لینے کیلئے 2 حقیقی بھائیوں نے فائرنگ کر کے خالہ زاد بھائی کو موت کے گھاٹ اتار دیا
علاقہ پیال میں بھائی کے قتل کا بدلہ لینے کیلئے 2 حقیقی بھائیوں نے فائرنگ کر کے خالہ زاد بھائی کو موت کے گھاٹ اتار دیا مقتول اعجاز ایک ماہ قبل ہی اڈیالہ جیل سے رہا ہوا تھا ملزمان نے واردات کے بعد خودساختہ طور پر تھانہ روات حاضر ہو کر گرفتاری پیش کر دی روات پولیس کے مطابق گزشتہ روز نواحی علاقہ پیال سٹاپ پر دو حقیقی بھائیوں احسن علی ،ہارون علی پسران فدا حسین نے 30 بور پسٹل سے فائرنگ کر کے خالہ زاد اعجاز ولد جاوید اختر کو قتل کر دیا اور آلہٰ قتل سمیت خودساختہ طور پر گرفتاری پیش کر دی پولیس کے مطابق مقتول اعجاز نے 2013 میں ملزمان کے بھائی بلال کو رنجش کی بناء پر قتل کیا تھا تاہم 4 سال تک جیل میں رہنے کے بعد ایک ماہ قبل ہی مقتول اعجاز عدالتی حکم پر اڈیالہ جیل سے بری ہو کر گھر آیا تھا جسے گزشتہ روز موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ۔
حاجی عبدالطیف ایک نیک سیرت انسان تھے , ڈاکٹر ساجد الرحمانٰ
اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن سجادہ نشین دربارہ عالیہ بگہار شریف ڈاکٹر ساجد الرحمانٰ نے کہا ہے کہ حاجی عبدالطیف ایک نیک سیرت انسان تھے ،مرحوم محبت تعلق اور دوستی کی ایسی ڈوری میں بندھے ہوئے تھے جن کو ایک دوسرے سے جدا کرنا مشکل ہی نہیں ناممکن بھی تھا تاہم موت نے عشق ومحبت کے اس تاج محل میں دراڑیں ڈال دیںیقین نہیں آرہاکہ مرحوم حا جی چوہدری عبدالطیف ہمارے درمیان موجود نہیں اللہ کریم مرحوم کو کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سروہا چوہدریاں میں حاجی چوہدری زین العابدین کے بھائی حاجی عبدالطیف مرحوم کی رسم قل کے موقع پر خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔
کلرسیداں میں پیپلز پارٹی کی مفلوک الحالی ،کسی معروف رہنما نے ٹکٹ کے لیے اپلائی نہ کیا
کلرسیداں میں پیپلز پارٹی کی مفلوک الحالی ،کسی معروف رہنما نے ٹکٹ کے لیے اپلائی نہ کیا دونوجوانوں چوہدری ظہیر محمود اور بلال قیوم چغتائی نے حلقہ پی پی 7کلر سیداں اور کہوٹہ کے لیے درخواستیں جمع کرا دیں۔اپلائی کرنے والے دونوں نوجوانوں کا تعلق کلر سیداں سے ہے معروف پارٹی رہنماؤں کی جانب سے ٹکٹ کے لیے اپلائی نہ کرنا اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ حلقے میں پیپلز پارٹی کسی شمار میں ہی نہیں یہی وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی کی مالا جپنے والے معروف رہنماؤں نے ٹکٹ کے لیے سرے سے کوئی درخواست ہی نہ دی اور جن دو نوجوانوں نے اپلائی کیا دونوں کی آپس میں نہیں بنتی ۔
حضرت علی مرتضیٰ کی یوم شہادت 6جون مسجد نور مصطفی بس سٹاپ چوآ خالصہ میں ایک تقریب منعقد ہو رہی ہےخطاب کریں گے ۔
حضرت علی مرتضیٰ کی یوم شہادت کے موقع پر 6جون بروز بدھ بعد نماز ظہر مسجد نور مصطفی بس سٹاپ چوآ خالصہ میں ایک تقریب منعقد ہو رہی ہے جس کی صدارت مفتی محمود اختر نقشبندی کریں گے تقریب سے علامہ محمد اقبال قریشی ،حاجی محمد شریف نقشبندی ،حمیر شیراز اور دیگر خطاب کریں گے ۔
Aslam o alikum